Last Updated on September 27, 2025 12:32 pm by BIZNAMA NEWS
AMN
ہندوستان کے توانائی شعبے میں ایک بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ مرکزی وزیرِ پٹرولیم ہردیپ سنگھ پوری نے اعلان کیا ہے کہ انڈمان بیسن میں قدرتی گیس دریافت ہوئی ہے، جو ملک کے توانائی مستقبل کے لئے ایک نیا باب ثابت ہوگی۔
وزیر نے اسے “توانائی کے مواقع کا سمندر” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دریافت اُس دیرینہ یقین کی تصدیق کرتی ہے کہ انڈمان سمندر ہائیڈروکاربن سے مالامال ہے۔ یہ دریافت سری وِجیاپورم-2 کنویں میں ہوئی ہے، جو انڈمان جزائر کے مشرقی ساحل سے تقریباً 17 کلومیٹر دور اور 295 میٹر گہرائی میں واقع ہے۔ ابتدائی پیداواری جانچ کے دوران 2,212 سے 2,250 میٹر کی گہرائی پر گیس کی موجودگی ثابت ہوئی ہے۔ لائے گئے نمونوں میں 87 فی صد میتھین کی اعلیٰ مقدار پائی گئی۔
اگرچہ آنے والے مہینوں میں ذخائر کے حجم اور تجارتی امکانات کا اندازہ لگایا جائے گا، لیکن محض اس کی تصدیق ہی ہندوستان کو عالمی توانائی نقشے پر مزید مضبوط کرتی ہے۔ یہ دریافت میانمار سے لے کر انڈونیشیا تک پھیلے توانائی سے مالامال خطے کا تسلسل بھی اجاگر کرتی ہے۔
وزیر پوری نے کہا کہ یہ کامیابی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے یومِ آزادی پر اعلان کردہ قومی گہرے سمندری تلاش مشن (سمُدر منتھن) کو نئی تقویت دیتی ہے۔ اس مشن کا مقصد سمندری تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش کر کے ہندوستان کو توانائی کے شعبے میں خود کفیل اور عالمی رہنما بنانا ہے۔
انہوں نے اس دریافت کو امرت کال میں ہندوستان کے لئے توانائی خود کفالت اور ترقی کی سمت ایک اہم سنگِ میل قرار دیا اور کہا کہ اس سے نہ صرف توانائی تحفظ یقینی ہوگا بلکہ عالمی ماہرین کے ساتھ تعاون اور جدت کے نئے دروازے بھی کھلیں گے۔