بھارت نے سائنسی تحقیق اور خود انحصاری کی سمت ایک اور اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے ایویئن انفلوئنزا (ایچ 5 این 1) یعنی برڈ فلو کے خلاف اپنی پہلی دیسی چکن ویکسین تیار کر لی ہے۔ بھوپال میں منعقدہ ایک تقریب میں مرکزی وزیر زراعت و کسان بہبود شیوراج سنگھ چوہان نے اس ویکسین کو قوم کے نام وقف کرتے ہوئے اسے ہندوستانی سائنس دانوں کی قابلیت، جدت طرازی اور عزم کی ایک نمایاں مثال قرار دیا۔یہ ویکسین کئی حوالوں سے غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے۔ صرف ایک سے دو روپے فی خوراک کی کم قیمت والی یہ ویکسین برڈ فلو کی اس مخصوص قسم کے خلاف دنیا کی پہلی ویکسین مانی جا رہی ہے۔ اس کی دستیابی سے پولٹری صنعت کو بیماریوں سے بچانے، لاکھوں پولٹری فارمروں کے روزگار کو محفوظ بنانے اور مویشیوں میں پھیلنے والی مہلک بیماریوں کے سبب ہونے والے بھاری معاشی نقصانات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔مرکزی وزیر نے کہا کہ کووڈ-19 کے دوران ہندوستانی سائنس دانوں نے مختصر مدت میں دیسی ویکسین تیار کرکے دنیا کو اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا تھا اور اب برڈ فلو ویکسین کی تیاری اسی روایت کا تسلسل ہے۔ انہوں نے اس کامیابی کو ’’آتم نربھر بھارت‘‘ کے وژن کی عملی تعبیر قرار دیا۔اس موقع پر بھوپال میں تقریباً 300 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید ترین حیاتیاتی تحقیقاتی لیبارٹری قائم کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔ یہ لیبارٹری مویشیوں اور پرندوں میں پھیلنے والی بیماریوں پر تحقیق اور نئی ویکسینوں کی تیاری میں اہم کردار ادا کرے گی۔
ماہرین کے مطابق 2006 سے اب تک ملک میں برڈ فلو کے 500 سے زائد واقعات سامنے آ چکے ہیں، جن سے پولٹری صنعت کو شدید نقصان پہنچا۔ نئی دیسی ویکسین نہ صرف بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے میں معاون ہوگی بلکہ خوراکی تحفظ، دیہی معیشت اور کسانوں کی آمدنی کے استحکام میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔ یہ کامیابی ہندوستانی سائنس دانوں کی محنت اور ملک کی بڑھتی ہوئی سائنسی خود کفالت کا روشن ثبوت ہے۔

