UN NEWS

عالمی موسمیاتی کانفرنس (کاپ 31) میں’امنگ’ نامی علامتی بلی ایک مرتبہ پھر لاپتہ ہو گئی ہے۔ ماحولیاتی کارکنوں کی جانب سے بلی کو تلاش کرنے کی اپیل کے پیچھے نہایت سنجیدہ تشویش چھپی تھی کہ موسمیاتی معاہدے کے تازہ ترین مسودے سے معدنی ایندھن کا استعمال بتدریج ترک کرنے کے واضح الفاظ اور وعدے غائب ہو گئے ہیں۔

کاپ کے اختتام کے لیے مقررہ دن سے ایک روز قبل وزرا اور کانفرنس کے صدارتی حکام اختلافات ختم کرنے اور اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوششوں میں مصروف رہے جبکہ سول سوسائٹی کی تنظیمیں زیادہ موثر اور ٹھوس اقدامات کا مطالبہ کرتی دکھائی دیں۔

ترکیہ کے شہر انطالیہ میں جاری کانفرنس میں موسمیاتی کارکنوں نے بلیوں کے لاپتہ ہونے کے اشتہارات اٹھا رکھے تھے۔ ایک پوسٹر پر گلابی پٹے والی بلی کی تصویر تھی، جبکہ دوسرے پر نارنجی رنگ کی دھاری دار بلی بنی ہوئی تھی۔ دونوں بلیوں کا نام ‘امنگ’ تھا پوسٹروں پر بلیوں کی پسند و ناپسند اور عادات کے بارے میں بھی دلچسپ معلومات درج تھیں۔

ان پر لکھا تھا کہ ‘امنگ’ کو عالمی درجہ حرارت میں 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ کی حد سے تجاوز بالکل پسند نہیں، وہ معدنی ایندھن سے بتدریج چھٹکارا پانے کی حامی ہے اور موسمیاتی انصاف کے ذکر پر فوراً متوجہ ہو جاتی ہے۔

فلپائن کی ایکولوجیا ڈیسارولو نامی غیرسرکاری تنظیم کی مینجر نے اس مہم کی وضاحت کرتے ہوئے یو این نیوز کو بتایا کہ اس وقت کاپ میں ‘امنگوں’ کی کمی محسوس ہو رہی ہے۔ یہ علامتی بلیاں اسی وقت واپس آئیں گی جب حکومتیں معدنی ایندھن سے بتدریج نجات کے لیے بامعنی اور قابل عمل لائحہ عمل پر اتفاق کریں گی۔ ان فرضی بلیوں کو گمشدہ قرار دینے کی یہ مہم کاپ 29 میں شروع ہوئی تھی۔

موسمیاتی معاہدے کا نیا مسودہ

بدھ کی شام کاپ کے صدر مراد خرم نے مذاکرات میں تعطل ختم کرنے کی کوشش کے طور پر وزرا کو ایک خصوصی اجلاس میں مدعو کیا۔ اس نشست کو ترکی کی روایتی سیاسی مشاورت کی ایک شکل ‘دیوان’ کا نام دیا گیا جو سلطنت عثمانیہ کی روایات سے ماخوذ ہے۔

بعض شرکا نے اس نشست کو تعمیری قرار دیا، تاہم موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کے وزرا کا کہنا تھا کہ اس سے کوئی خاص پیش رفت نہیں ہوئی۔

جمعرات کی سہ پہر اجلاس کے سیاسی معاہدے کے تازہ ترین مسودے سے معدنی ایندھن کا استعمال بتدریج ترک کرنے کی بات نکال دی گئی تھی۔ اس کے بجائے مسودے میں ماحول دوست توانائی اور بجلی کے استعمال کو فروغ دینے پر زور دیا گیا ہے۔ اس ضمن میں ترکیہ کی جانب سے پیش کردہ 35×35 کا ہدف بھی شامل ہے۔

موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے مطابقت پیدا کرنے کے لیے مالی معاونت کے حوالے سے 2035 تک فنڈنگ کو تین گنا کرنے کے ہدف کا اعادہ تو کیا گیا لیکن اس اضافے کا حساب لگانے کے طریقہ کار سمیت کئی اہم تفصیلات کو مزید غور و خوض کے لیے چھوڑ دیا گیا۔

موسمیاتی کارکنان نے ایک بینر پکڑا ہوا ہے جس میں "لوگوں اور سیارے کے لیے قابل تجدید توانائی پر مبنی برقی کاری" لکھا ہوا ہے، جس میں پلے کارڈز شامل ہیں جن میں ایک بیرونی موسمیاتی سربراہی اجلاس میں بلی کا گمشدہ پوسٹر بھی شامل ہے۔
© UN News/Laura Quinones مظاہرین کا کہنا ہے کہ تحفظ ماحول پر خواہشات کی علامتی بلی ’امنگ‘ کاپ کانفرنس سے اس سال پھر غائب ہو گئی ہے۔

اتفاق رائے کا عزم

معاہدے کا نیا مسودہ پیش کرنے کے لیے منعقدہ پریس کانفرنس میں مذاکرات کی قیادت کرنے والے آسٹریلوی وزیر کرس بووین نے کہا کہ کاپ 31 پہلا موسمیاتی سربراہی اجلاس ہو گا جس میں باضابطہ طور پر تسلیم کیا جائے گا کہ دنیا عالمی حدت میں اضافے کو 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود رکھنے کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے گی۔

تاہم انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ کاپ 31 کو اس ناکامی کے حوالے سے یاد نہ رکھا جائے بلکہ اسے ایسے اجلاس کے طور پر یاد رکھا جائے جہاں واضح اور مضبوط فیصلہ کیا گیا کہ یہ صورتحال کسی طور قابل قبول نہیں۔

ان کا اشارہ معاہدے کے مسودے میں شامل اس عبارت کی جانب تھا جس میں کہا گیا ہے کہ اگر عالمی درجہ حرارت میں اضافہ 1.5 ڈگری کی حد سے تجاوز کرتا ہے تو اس تجاوز کو حتی الامکان کم سے کم اور مختصر مدت تک محدود رکھا جائے۔

بووین نے وعدہ کیا کہ مذاکرات اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک اتفاق رائے حاصل نہیں ہو جاتا۔‘‘

کانفرنس کا اختتام قریب آنے پر سول سوسائٹی کی تنظیموں کا صبر جواب دیتا جا رہا ہے۔ ایک پریس کانفرنس میں ایکشن ایڈ انٹرنیشنل کی ٹریسا اینڈرسن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے کے ابتدائی مسودے میں کیے گئے اعلانات اس حقیقت پر پردہ نہیں ڈال سکتے کہ مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔ ترقی پذیر ممالک سے اب بھی زیادہ اقدامات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، لیکن انہیں اس کے لیے درکار مالی معاونت فراہم نہیں کی جا رہی۔

حوصلہ افزا پیش رفت

اقوام متحدہ کی ایک نئی رپورٹ نے عالمی سطح پر موسمیاتی اقدامات کے حوالے سے نسبتاً حوصلہ افزا مگر نامکمل تصویر پیش کی ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق، موسمیاتی پیش رفت کے 96 عالمی اشاریوں میں سے 44 درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں جبکہ 19 میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی اور 33 کے بارے میں خاطرخواہ اعداد و شمار دستیاب نہیں۔

رپورٹ کے مطابق 2024 سے 2025 کے دوران قابل تجدید توانائی کی پیداواری صلاحیت میں 17 فیصد اضافہ ہوا تاہم توانائی کے موثر استعمال میں بہتری مطلوبہ سطح سے خاصی کم رہی۔ اس سے برعکس، موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت پیدا کرنے کے لیے دستیاب مالی معاونت 2022 میں 81.5 ارب ڈالر تھی جو 2024 میں کم ہو کر 64.1 ارب ڈالر رہ گئی۔

بجلی کے فروغ کا اقدام

جمعرات کو ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کاپ کی صدارت نے بجلی کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے ایک خصوصی پیکیج پیش کیا۔ اس کا مقصد ترکیہ کے اس ہدف کی حمایت کرنا ہے جس کے تحت 2035 تک دنیا میں توانائی کی مجموعی کھپت میں بجلی کا حصہ بڑھا کر 35 فیصد تک پہنچانا ہے۔

اس پیکیج میں 150 سے زیادہ ممالک، یورپی یونین، 37 شہروں اور 260 سے زیادہ کاروباری اداروں کی سرگرمیوں ک احاطہ کیا گیا ہے۔ ان میں بجلی کی ترسیل کے نیٹ ورک کو وسعت دینے سے لے کر ٹرانسپورٹ اور صنعتوں کو بجلی پر منتقل کرنے تک کے اقدامات شامل ہیں۔

تاہم، موسمیاتی تبدیلی پر اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن کے ایگزیکٹو سیکرٹری سائمن سٹیئل کہتے ہیں کہ ان اقدامات کے فوائد زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچنا ضروری ہیں۔ موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ترقی پذیر ممالک کو سستی مالی معاونت اور ٹیکنالوجی درکار ہے۔ 

موسمیاتی اقدامات میں تاخیر کی قیمت

کانفرنس کے مختلف حصوں میں شرکا نے مندوبین کو یہ احساس دلانے کی کوشش کی کہ ان کے سیاسی فیصلوں کے انسانی زندگیوں پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

ایک ڈاکٹر نے لوگوں کے ہجوم کے سامنے گھٹنوں کے بل بیٹھ کر کارٹر نامی کینیڈین بچے کی کہانی سنائی جسے دمے کا مرض لاحق تھا۔

انہوں نے بتایا کہ، کارٹر ایک روز پارک میں گیا، پانی میں کھیلا اور سالگرہ کی ایک تقریب میں بھی شریک ہوا۔ اسے اندازہ نہیں تھا کہ قریب ہی جنگلات میں لگی آگ کے باعث فضا میں دھوئیں اور آلودگی کی مقدار مسلسل بڑھ رہی ہے۔

کارٹر کو سانس لینے میں شدید دشواری پیش آئی۔ اس کے والدین اسے فوری طور پر ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ لے گئے، لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا۔

انہوں نے بتایا کہ کارٹر کے والدین چاہتے تھے کہ ان کے بچے کی کہانی کاپ 31 میں سنائی جائے تاکہ دنیا کو معلوم ہو سکے کہ موسمیاتی بحران کس طرح انسانی زندگیوں کو متاثر کر رہا ہے۔

ال نینو کا بڑھتا خطرہ

یوگنڈا کے نوجوانوں نے ایک اور خطرے کی جانب توجہ دلائی جو کہ ال نینو کے بڑھتے ہوئے اثرات ہیں۔ 

جنوب مغربی یوگنڈا کے گاؤں کاکونکوما سے تعلق رکھنے والی ایلیسن نیسیما نے بتایا کہ سیلاب زدہ راستوں سے گزر کر سکول جانے والے بچوں کو کیسی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، خواتین محفوظ پانی کی تلاش میں طویل فاصلے طے کرتی ہیں اور ایسے خاندانوں کی روزی کا انحصار بارش پر ہے جن کے لیے یہی بارش بعض اوقات تباہی کا سبب بن جاتی ہے۔

انہوں نے عالمی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ صاف اور محفوظ پانی کی فراہمی، سڑکوں کی تعمیر اور مقامی سطح پر قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاریوں کے لیے سرمایہ کاری کریں۔ پیشگی انتباہ کا مقصد محض لوگوں کو یہ بتانا نہیں ہونا چاہیے کہ خطرہ قریب آ رہا ہے، بلکہ اس کا مقصد انہیں خطرے کا سامنا کرنے اور خود کو محفوظ رکھنے کا منصفانہ موقع فراہم کرنا بھی ہونا چاہیے۔