باسمتی چاول کی برآمد 25.4 فیصد بڑھی ، تیار آلو 21 فیصد آگے؛ پیلے دانے دار مکئی کی برآمد میں 1,156 فیصد کا غیر معمولی اضافہ

جاوید اختر


ہندوستان کی زرعی پیداوار اب صرف ملکی غذائی ضروریات پوری کرنے تک محدود نہیں رہی بلکہ عالمی منڈیوں میں بھی اپنی مضبوط موجودگی درج کر رہی ہے۔ زرعی اجناس کے ساتھ پراسیس شدہ غذائی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ، نئی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی اور روایتی تجارتی شراکت داروں میں بڑھتی مانگ ہندوستانی زرعی شعبے کی بدلتی تصویر پیش کر رہی ہے۔ مالی سال 2026-27 کے پہلے چھ ماہ، یعنی اپریل سے ستمبر کے دوران باسمتی چاول، تیار اور محفوظ کیے گئے آلو اور پیلے دانے دار مکئی کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔تازہ برآمدی اعداد و شمار کے مطابق، اس مدت میں باسمتی چاول کی برآمدات میں 25.4 فیصد، تیار یا محفوظ کیے گئے آلو کی برآمدات میں 20.8 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ پیلے دانے دار مکئی کی برآمدات میں تقریباً 12 گنا ترقی درج کی گئی۔ یہ پیش رفت ہندوستانی زرعی مصنوعات کی عالمی سطح پر بڑھتی طلب اور برآمدی منڈیوں میں تنوع کی کوششوں کو ظاہر کرتی ہے۔
باسمتی چاول کی برآمدات 1.60 ارب ڈالر تک پہنچیں
باسمتی چاول ہندوستان کی اہم زرعی برآمدات میں شامل ہے، جس کی عالمی منڈی میں اپنی منفرد خوشبو، معیار اور ذائقے کے باعث مضبوط شناخت ہے۔ مالی سال 2025-26 کے اپریل تا ستمبر میں اس کی برآمدات 1.28 ارب ڈالر تھیں، جو رواں مالی سال کی اسی مدت میں بڑھ کر 1.60 ارب ڈالر ہوگئیں۔مغربی ایشیا کی منڈیوں میں باسمتی چاول کی مانگ نے اس ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔ ایران کو برآمدات 44.1 فیصد اضافے کے ساتھ 187.1 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ سعودی عرب کو برآمدات 174.4 ملین ڈالر رہیں۔ متحدہ عرب امارات میں برآمدات 138.3 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ یمن اور عمان میں بالترتیب 66.8 اور 65.3 فیصد اضافہ درج کیا گیا۔
امریکی منڈی میں بھی ہندوستانی باسمتی چاول کی طلب میں اضافہ ہوا اور برآمدات 27.7 فیصد بڑھ کر 139.8 ملین ڈالر ہوگئیں۔ اردن جیسی نسبتاً چھوٹی منڈی میں بھی برآمدات پانچ گنا سے زیادہ بڑھ کر 34.3 ملین ڈالر تک پہنچنا اس شعبے کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔
آلو کی مصنوعات کو ایشیائی منڈیوں میں فروغ
زرعی پیداوار کو پراسیس کرکے برآمد کرنے کے رجحان سے بھی ہندوستان کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ تیار یا محفوظ کیے گئے آلو، خصوصاً منجمد غذائی مصنوعات، کی برآمدات اپریل تا ستمبر 2026 میں 148.5 ملین ڈالر سے بڑھ کر 179.4 ملین ڈالر ہوگئیں۔فلپائن 36.7 ملین ڈالر کی برآمدات کے ساتھ اس شعبے کی اہم منڈی رہا، جبکہ سعودی عرب کو 24.3 ملین ڈالر کی مصنوعات برآمد کی گئیں۔ انڈونیشیا میں برآمدات 75 فیصد بڑھ کر 13.3 ملین ڈالر اور جاپان میں 112.9 فیصد اضافے کے ساتھ 13.2 ملین ڈالر ہوگئیں۔چین، جنوبی کوریا، عمان اور آسٹریلیا جیسی منڈیوں میں بھی ہندوستانی تیار آلو کی مصنوعات کی مانگ میں اضافہ درج کیا گیا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہندوستانی غذائی صنعت روایتی زرعی پیداوار سے آگے بڑھ کر ویلیو ایڈیشن اور تیار شدہ مصنوعات کی تجارت میں بھی اپنی صلاحیت بڑھا رہی ہے۔
مکئی کی برآمدات میں غیر معمولی چھلانگ
پیلے دانے دار مکئی کی برآمدات نے اس عرصے میں سب سے زیادہ حیران کن ترقی دکھائی۔ گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں اس کی برآمدات 9.78 ملین ڈالر تھیں، جو رواں مالی سال کی اسی مدت میں بڑھ کر 122.82 ملین ڈالر ہوگئیں۔ اس طرح تقریباً 1,156 فیصد اضافہ درج کیا گیا۔ویتنام اس برآمدی ترقی کا بڑا مرکز بن کر سامنے آیا، جہاں مکئی کی برآمدات 69.94 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔ بنگلہ دیش کو 30.84 ملین ڈالر اور فلپائن کو 8.55 ملین ڈالر کی مکئی برآمد کی گئی۔ متحدہ عرب امارات اور ملائیشیا میں بھی برآمدات میں کئی گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔یہ ترقی ہندوستانی زرعی تجارت کے لیے نئی منڈیوں کے امکانات کو نمایاں کرتی ہے، تاہم مکئی کی برآمدات میں غیر معمولی اضافے کو برقرار رکھنے کے لیے پیداوار، معیار، قیمتوں اور عالمی طلب کے درمیان توازن ضروری ہوگا۔
زرعی ترقی کے ساتھ ویلیو ایڈیشن اور تنوع کی اہمیت
زرعی برآمدات میں اضافہ ہندوستان کے کسانوں، فوڈ پروسیسنگ صنعت، ذخیرہ کاری، پیکنگ، کولڈ چین اور نقل و حمل کے شعبوں کے لیے نئے مواقع پیدا کر سکتا ہے۔ عالمی منڈیوں میں پراسیس شدہ غذائی مصنوعات کی بڑھتی طلب ہندوستان کے لیے خام زرعی پیداوار کے بجائے زیادہ قدر کی حامل مصنوعات کی تجارت کو وسعت دینے کا موقع بھی فراہم کرتی ہے۔تاہم برآمدی ترقی کو طویل مدت تک برقرار رکھنے کے لیے زرعی پیداوار میں معیار، غذائی تحفظ کے عالمی معیار، جدید پروسیسنگ ٹیکنالوجی، مؤثر ذخیرہ کاری اور منڈیوں کی مسلسل نگرانی ضروری ہے۔ کسانوں کو عالمی قیمتوں اور برآمدی تقاضوں سے جوڑنا بھی اس عمل کا اہم حصہ ہے۔باسمتی چاول، تیار آلو اور مکئی کی برآمدات میں تازہ اضافہ اس بات کا اشارہ ہے کہ ہندوستانی زراعت عالمی تجارت میں اپنی جگہ مضبوط کر رہی ہے۔ اگر پیداوار، ٹیکنالوجی، ویلیو ایڈیشن اور برآمدی بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری جاری رہی تو ہندوستانی کھیت اور کھلیان عالمی غذائی تجارت میں مزید اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔