سائنسی دنیا میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر ہندوستانی سائنس دانوں نے کوانٹم مقناطیسیت کو کنٹرول کرنے کا ایک نیا طریقہ دریافت کیا ہے، جو مستقبل کی کوانٹم ٹیکنالوجی، بالخصوص کوانٹم معلومات کے محفوظ ذخیرے اور جدید کوانٹم آلات کی تیاری میں سنگِ میل ثابت ہو سکتا ہے۔ رمن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (آر آر آئی) کے محققین کی اس تحقیق نے یہ ثابت کیا ہے کہ محض نیٹ ورک میں موجود باہمی رابطوں کی ہندسی ساخت تبدیل کرکے کوانٹم نظام کے اجتماعی رویے اور مقناطیسی ترتیب کو اپنی مرضی کے مطابق ڈھالا جا سکتا ہے۔عام طور پر مقناطیسیت کو الیکٹرانوں کے اسپن کے درمیان براہِ راست تعاملات کا نتیجہ سمجھا جاتا ہے، لیکن اس تحقیق میں سائنس دانوں نے ’’حرکی مقناطیسیت‘‘ (Kinetic Magnetism) نامی ایک منفرد کوانٹم مظہر کا مطالعہ کیا، جو ذرات کی کوانٹم حرکت سے پیدا ہوتا ہے۔ یہ ایسا خالصتاً کوانٹم میکانیاتی اثر ہے جس کی کلاسیکی طبیعیات میں کوئی مثال موجود نہیں۔
تحقیق کی قیادت پوسٹ ڈاکٹریٹ فیلو ریوتھی بی۔ ایس۔ نے کی، جبکہ ان کے ساتھ شعب نظریاتی طبیعیات کے اسسٹنٹ پروفیسر شوون دتہ بھی شامل تھے۔ انہوں نے ایک ایسی مربع جالی کا نظریاتی ماڈل تیار کیا جس میں ایک مقام خالی رکھا گیا تھا جبکہ دیگر تمام مقامات پر الیکٹران موجود تھے۔ سائنس دانوں نے دریافت کیا کہ اگر اس جالی میں ایک ترچھا رابطہ شامل کر دیا جائے تو متعلقہ الیکٹرانوں کے اسپن ایک دوسرے کے مخالف رخ اختیار کر لیتے ہیں اور ایک ’’سنگلٹ‘‘ حالت تشکیل پاتی ہے، جو کوانٹم الجھاؤ (Quantum Entanglement) کی بنیادی مثال سمجھی جاتی ہے۔اس تحقیق کی سب سے اہم جدت یہ ہے کہ مقناطیسی ترتیب کو روایتی طریقوں کے بجائے صرف ہندسی ڈھانچے میں معمولی تبدیلی سے قابو کیا جا سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ نتیجہ غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ کلاسیکی نظاموں میں اسی نوعیت کی تبدیلیاں عام طور پر مقناطیسی رویے پر کوئی نمایاں اثر نہیں ڈالتی ہیں۔
۔ماہرین کا کہنا ہے کہ سنگلٹ حالتیں مستقبل میں کوانٹم معلومات کو محفوظ رکھنے کے لیے استعمال ہو سکتی ہیں۔ جس طرح آج کی ہارڈ ڈرائیوز کلاسیکی بٹس میں معلومات محفوظ کرتی ہیں، اسی طرح یہ کوانٹم حالتیں آنے والے دور کے کوانٹم کمپیوٹرز اور جدید معلوماتی نظاموں کے لیے بنیادی اکائی کا کردار ادا کر سکتی ہیں۔ یوں یہ تحقیق نہ صرف کوانٹم طبیعیات کی بنیادی تفہیم میں اضافہ کرتی ہے بلکہ کوانٹم انفارمیشن ٹیکنالوجی کے نئے دور کی راہ بھی ہموار کرتی ہے۔

جی ٹی اے 6 نے ریلیز کے پہلے ہی دن 2 ارب 36 کروڑ ڈالر کما لیے
معروف ویڈیو گیم ’گرینڈ تھیفٹ آٹو 6‘ (جی ٹی اے 6) نے پری آرڈرز اور ریلیز کے پہلے روز 2 کروڑ 45 لاکھ سے زائد کاپیاں فروخت کرکے اندازاً 2.36 ارب ڈالر کی آمدنی حاصل کرلی۔اینالیٹکس پلیٹ فارم سینسر ٹاور کے مطابق اس غیر معمولی آمدنی کے باعث جی ٹی اے 6 کی لانچ کو تاریخ کی سب سے بڑی انٹرٹینمنٹ لانچ قرار دیا جا رہا ہے۔ گیم کی ریلیز کے ساتھ ہی اس کی فرنچائز کی گزشتہ قسط کے بعد 13 سال سے جاری انتظار بھی ختم ہوگیا۔سینسر ٹاور کے اعداد و شمار کے مطابق گیم کے مجموعی فروخت میں پلے اسٹیشن کا حصہ 75 فی صد رہا جبکہ باقی 25 فی صد فروخت ایکس باکس پر ہوئی۔اس کامیابی کا موازنہ ہالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلم ’ایونجرز: اینڈ گیم‘ سے بھی کیا جا رہا ہے، جو 2019 میں ریلیز ہوئی تھی اور دنیا بھر میں باکس آفس پر مجموعی کمائی کے لحاظ سے اب تک سب سے زیادہ کامیاب فلم ہے۔ایونجرز: اینڈ گیم نے سینما گھروں میں اپنی پوری نمائش کے دوران تقریباً 3 ارب ڈالر (2.2 ارب پاؤنڈ) کمائے تھے، جبکہ اپریل 2019 میں ریلیز کے ابتدائی دنوں میں اس کی عالمی کمائی 1.2 ارب ڈالر (90 کروڑ پاؤنڈ) رہی تھی۔
ساتھ ہی دنیا بھر میں سب کو اپنی توجہ کا مرکز بنانے والے ویڈیو گیم ’گرینڈ تھیفٹ آٹو 6‘ (جی ٹی اے 6) کی ریلیز نے برطانیہ میں انٹرنیٹ ٹریفک کا ایک اور نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔برطانوی ٹیلی کام کمپنی ورجن میڈیا او ٹو کے مطابق بدھ کی شب رات 8 سے 10 بجے کے دوران براڈ بینڈ ٹریفک میں گزشتہ ریکارڈ کے مقابلے میں 9.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ یہ اضافہ گیم کے نصف شب ریلیز سے قبل سامنے آیا۔
کمپنی کے مطابق اس سے پہلے براڈ بینڈ ٹریفک کا ریکارڈ گزشتہ ہفتے جی ٹی اے 6 کے پری لوڈنگ، یعنی گیم کی ریلیز سے قبل اسے ڈاؤن لوڈ کرنے کے باعث قائم ہوا تھا۔اندازے کے مطابق برطانیہ کے تقریباً 28 لاکھ بالغ افراد گیم کی ریلیز کے پہلے ہی روز اسے کھیلنے کا ارادہ رکھتے ہیں جبکہ ہزاروں افراد نے نصف شب ریلیز کے بعد گیم کھیلنے کے لیے ملازمت سے ایک دن کی چھٹی بھی لے رکھی تھی۔ورجن میڈیا او ٹو کے ڈائریکٹر آف پروڈکٹ گیرتھ لسٹر نے کہا کہ جہاں کھلاڑی جی ٹی اے 6 میں اپنے پہلے مشنز کے لیے تیار ہو رہے تھے، وہیں کمپنی کی نیٹ ورک ٹیمیں بھی ایک بڑے چیلنج کے لیے تیاری کر رہی تھیں۔رپورٹ کے مطابق گیم کی ریلیز سے قبل صارفین کی جانب سے 212 جی بی حجم کا گیم ڈاؤن لوڈ کرنے کے باعث انٹرنیٹ ٹریفک میں گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں تقریباً 10 فی صد اضافہ ہوا۔براڈ بینڈ ٹریفک کا یہ نیا ریکارڈ رواں سال کے آغاز میں آرسنل اور ایٹلیٹیکو میڈرڈ کے درمیان کھیلے گئے فٹ بال میچ کے دوران قائم ہونے والے ریکارڈ سے بھی 13.6 فی صد زیادہ ہے۔

انسٹاگرام کی چیٹ کے لیے الگ ایپ متعارف کرانے کی تیاری، میٹا کا نیا منصوبہ
صارفین انسٹاگرام کی پوسٹس، ریلز اور دیگر مواد دیکھے بغیر براہِ راست ایک دوسرے سے رابطہ کرسکیں گے
ٹیکنالوجی کمپنی میٹا انسٹاگرام کے پیغام رسانی کے نظام کو مرکزی ایپ سے الگ کرنے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے ’ڈائریکٹ‘ کے نام سے ایک علیحدہ میسجنگ ایپ متعارف کرانے کی تیاری کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے صارفین انسٹاگرام کی پوسٹس، ریلز اور دیگر مواد دیکھے بغیر براہِ راست ایک دوسرے سے رابطہ کرسکیں گے۔اس نئی ایپ کا بنیادی مقصد انسٹاگرام کے چیٹ فیچرز کو الگ پلیٹ فارم پر منتقل کرنا ہے تاکہ صارفین کو صرف پیغام رسانی کے لیے ایک مخصوص ایپ دستیاب ہو۔ اس کے ذریعے لوگ انسٹاگرام اکاؤنٹ کے بغیر بھی دوسروں کو پیغامات بھیج سکیں گے۔
یاد رہے کہ انسٹاگرام نے 2013 میں ڈائریکٹ میسجنگ کا فیچر متعارف کرایا تھا، جس کے ذریعے صارفین فوٹو شیئرنگ ایپ کے اندر ہی ایک دوسرے سے نجی گفتگو اور تصاویر کا تبادلہ کرسکتے تھے۔ اب میٹا اس نظام کو فیس بک میسنجر کی طرز پر مرکزی انسٹاگرام ایپ سے الگ کرکے ایک مستقل ایپ کی شکل دینا چاہتی ہے۔مجوزہ ڈائریکٹ ایپ میں انفرادی اور گروپ چیٹ دونوں کی سہولت دستیاب ہوگی۔ اس کے علاوہ انسٹاگرام کے بعض مقبول فیچرز بھی اس کا حصہ ہوں گے، جن میں ڈرائنگ کے لیے ’ڈرا‘، نوٹس، ذاتی نوعیت کے اسٹیکرز، وائس ایفیکٹس اور چیٹ تھیمز شامل ہیں۔فی الحال یہ ایپ صرف ترکیہ اور تھائی لینڈ کے صارفین کے لیے دستیاب ہے۔ میٹا کے مطابق اس سروس کو استعمال کرنے کے لیے عمر کی کم از کم حد 13 سال مقرر کی گئی ہے۔

