UN NEWS
اقوام متحدہ کے ادارہ خوراک و زراعت(ایف اے او) اور عالمی پروگرام برائے خوراک (ڈبلیو ایف پی) نے خبردار کیا ہے کہ بحرالکاہل کی موسمیاتی کیفیت ال نینو افریقہ کے جنوبی علاقوں اور وسطی امریکہ کے خشک خطے میں شدید غذائی عدم تحفظ کے خطرات کو مزید بڑھا رہی ہے۔
دونوں اداروں کی رپورٹ کے مطابق، دسمبر 2026 سے مئی 2027 کے دوران غذائی عدم تحفظ کی صورتحال میں نمایاں بگاڑ پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ اداروں نے سوڈان اور جنوبی سوڈان کے بعض علاقوں میں قحط پڑنے کے خطرے کی نشاندہی بھی کی ہے۔
عالمی غذائی بحرانوں کے خلاف قائم نیٹ ورک کے تحت شائع ہونے والی اس رپورٹ میں دنیا بھر کے 16 ایسے علاقوں کا تذکرہ ہے جہاں بھوک کا بحران شدت اختیار کر سکتا ہے۔ جون میں جاری ہونے والی گزشتہ رپورٹ میں ان علاقوں کی تعداد 13 تھی۔ نئے شامل کیے گئے چار علاقوں میں سے تین میں ال نینو کو اس کی ایک اہم وجہ قرار دیا گیا ہے۔ ان میں جنوبی افریقہ کے ممالک ایسواتینی، ملاوی، موزمبیق، زیمبیا اور زمبابوے کے علاوہ وسطی امریکہ کا خشک راہداری کا خطہ اور یوگنڈا کا شمال مشرقی علاقہ شامل ہیں۔
شدید غذائی عدم تحفظ
رپورٹ کے مطابق، ال نینو کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور خدشہ ہے کہ یہ تاریخ کے شدید ترین ال نینو واقعات میں سے ایک ثابت ہو گا۔ افریقہ کے جنوبی علاقوں میں معمول سے زیادہ درجہ حرارت اور بارشوں کی کمی کے باعث زرعی سرگرمیاں، فصلوں کی بوائی اور آئندہ پیداوار شدید متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ مارچ 2027 تک زمبابوے میں 30 لاکھ، ملاوی میں 26 لاکھ اور موزمبیق میں 18 لاکھ افراد کو شدید غذائی عدم تحفظ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
وسطی امریکہ کے خشک راہداری خطے میں بھی صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے۔ خطے میں 2026 کا پہلا زرعی موسم گزشتہ چار دہائیوں کا خشک ترین موسم ثابت ہوا۔ اس کے نتیجے میں متعدد علاقوں میں فصلوں کو 75 فیصد سے زیادہ نقصان پہنچا۔ گھریلو غذائی ذخائر تیزی سے کم ہونے کے باعث خدشہ ہے کہ 2027 میں خوراک کی قلت کا روایتی موسم معمول سے پہلے شروع ہو جائے گا۔ خدشہ ہے کہ صرف گوئٹے مالا میں ہی اکتوبر 2026 سے فروری 2027 کے دوران تقریباً 32 لاکھ افراد شدید غذائی عدم تحفظ کا سامنا کریں گے۔
اقوام متحدہ کا امدادی منصوبہ
دونوں اداروں نے ایک مشترکہ پیشگی امدادی منصوبہ بھی تیار کیا ہے جس کا مقصد 22 ممالک میں 90 لاکھ افراد کو ممکنہ غذائی بحران کے اثرات سے محفوظ رکھنا ہے۔
مسلح تنازعات اور تشدد اب بھی 16 میں سے 12 متاثرہ علاقوں میں بھوک اور غذائی عدم تحفظ کی بنیادی وجوہات میں شامل ہیں۔ ان میں سے پانچ علاقوں کو انتہائی تشویش ناک قرار دیا گیا ہے، جن میں سوڈان، جنوبی سوڈان، صومالیہ، نائجیریا کے بعض حصے اور یمن شامل ہیں۔
صومالیہ میں فی الحال قحط کا فوری خطرہ کم ہو گیا ہے تاہم بعض جگہوں پر اب بھی ہنگامی نوعیت کی غذائی قلت درپیش ہے۔
سوڈان اور جنوبی سوڈان میں صورتحال سب سے زیادہ سنگین ہے۔ سوڈان کے صوبہ شمالی دارفور اور جنوبی کردفان کے 13 علاقوں میں جنوری 2027 تک قحط پڑنے کا خطرہ موجود ہے۔ جنوبی دارفور میں بے گھر افراد کے دو کیمپوں میں شدید غذائی قلت کے ایسے درجے کی تصدیق ہو چکی ہے جو قحط کی مقررہ حد سے بھی تجاوز کر چکا ہے۔
جنوبی سوڈان میں بھی بدترین ممکنہ صورتحال کے تحت بالائی نیل اور جونگلی ریاستوں کے چار اضلاع میں جولائی 2026 تک قحط کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
تشویش ناک امر یہ ہے کہ 2022 سے مسلسل خبردار کیے جانے کے باوجود ان پانچ انتہائی متاثرہ علاقوں میں غذائی تحفظ اور غذائیت سے متعلق انسانی امداد کے لیے فراہم کی جانے والی مالی معاونت میں 62 فیصد کمی آ چکی ہے۔ 2022 میں اس مد میں 5 ارب 10 کروڑ ڈالر فراہم کیے گئے تھے، جو 2025 میں کم ہو کر صرف دو ارب ڈالر رہ گئے۔
عالمی برادری سے اپیل
چار دیگر علاقوں کو بھی انتہائی بلند درجے کے خطرے سے دوچار قرار دیا گیا ہے۔ ان میں افغانستان، جمہوریہ کانگو، ہیٹی اور فلسطین شامل ہیں۔ غزہ میں اکتوبر 2025 کی جنگ بندی کے بعد غذائی تحفظ کی صورتحال میں کچھ بہتری آئی ہے، تاہم یہ پیش رفت تاحال ناپائیدار ہے جبکہ مغربی کنارے میں حالات مزید خراب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ایف اے او کے ڈائریکٹر جنرل کیو ڈونگ یونے زور دیا ہے کہ بروقت زرعی امداد اور مربوط حکمت عملی کے ذریعے بدترین نتائج سے بچنا اب بھی ممکن ہے۔ اگر متاثرہ آبادیوں کو بروقت مدد فراہم کی جائے تو فصلوں اور ذرائع معاش کو تباہی سے بچایا جا سکتا ہے۔
‘ڈبلیو ایف پی’ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر لیوک جے لنڈبرگ نے عالمی برادری سے کہا ہے کہ وہ متحد ہو کر اس بحران کا مقابلہ کرے، مناسب مالی وسائل فراہم کرے، تنازعات کے خاتمے کے لیے اقدامات اٹھائے اور امدادی ٹیموں کو محفوظ رسائی دے۔





