عالمی معیشت کی بنیاد سمجھی جانے والی سمندری تجارت کی رفتار مسلسل سست پڑ رہی ہے جبکہ جنگوں اور موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والی رکاوٹوں کا سب سے زیادہ بوجھ غریب ترین اور چھوٹے جزائر پر مشتمل ممالک کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔
اقوام متحدہ کی کانفرنس برائے تجارت و ترقی (انکٹاڈ) نے عالمگیر بحری تجارت کی تازہ ترین صورتحال سے متعلق بتایا ہے کہ 2025 میں سمندر کے راستے منتقل ہونے والے تجارتی سامان کی مجموعی مقدار 12 ارب 30 کروڑ ٹن رہی، تاہم اب اس میں اضافے کی شرح کم ہو کر 1.9 فیصد رہ گئی ہے جو 2024 کے مقابلے میں نصف ہے۔
رپورٹ کے مطابق، رواں سال آبنائے ہرمز، بحیرہ احمر، بحیرہ اسود اور نہر پاناما سمیت چار اہم بحری گزرگاہیں بیک وقت دباؤ کا شکار رہیں۔ اس صورتحال کے باعث سمندری تجارت میں فی الوقت کسی اضافے کی توقع نہیں، تاہم 2027 میں اس کی شرح نمو 3.2 فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے۔
آبنائے ہرمز میں رکاوٹوں کے اثرات
انکٹاڈ کے قائم مقام سیکرٹری جنرل پیڈرو مینوئل مورینو نے کہا ہے کہ جب بحری نقل و حمل کے اخراجات بڑھتے ہیں تو بالآخر اس کا بوجھ صارفین کو اٹھانا پڑتا ہے، تاہم اس کی قیمت ہر ایک یکساں طور پر نہیں چکاتا۔ جن ممالک کی معاشی دھچکوں کو برداشت کرنے کی صلاحیت محدود ہے انہیں ایران-امریکہ جنگ سے پیدا ہونے والے حالات کے باعث مہنگے ایندھن، نقل و حمل اور پیداواری لاگت میں اضافے کا سب سے زیادہ سامنا کرنا پڑ رہا۔ اس کے نتیجے میں خوراک کی قیمتیں بڑھیں اور مہنگائی میں اضافہ ہوا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ چھوٹے جزائر پر مشتمل اور کم ترقی یافتہ ممالک اس صورتحال سے خاص طور پر متاثر ہو رہے ہیں، کیونکہ ان کی درآمدات کے لیے عموماً کئی بحری راستوں اور جہازوں کی تبدیلی درکار ہوتی ہے۔
انکٹاڈ کے مطابق، آبنائے ہرمز میں خلل آنے سے چند ہی روز بعد ایک کروڑ ڈالر مالیت کے آئل ٹینکر کے لیے جنگی خطرات کے باعث انشورنس پریمیئم تقریباً دو لاکھ ڈالر سے بڑھ کر دس لاکھ ڈالر فی سفر تک پہنچ گیا۔ اسی طرح، کنٹینر بردار جہازوں کی کمپنیوں نے بھی بڑھتے ہوئے اخراجات پورے کرنے کے لیے ہنگامی جنگی خطرات کے سرچارج اور ایندھن کے اضافی اخراجات عائد کر دیے۔
سمندری راستوں میں تبدیلی
دنیا بھر میں 80 فیصد سے زیادہ چیزوں کی تجارت سمندر کے راستے ہوتی ہے جن میں خوراک اور ایندھن بھی شامل ہیں جن پر مختلف ممالک کا انحصار ہے۔ بحری جہازوں کے راستے تبدیل کرنے سے اشیا کی ترسیل تو جاری رہتی ہے لیکن اس سے سفر طویل اور اخراجات زیادہ ہو جاتے ہیں۔ اس کا اثر خاص طور پر چھوٹی معیشتوں پر پڑتا ہے۔
انکٹاڈ کے اعداد و شمار بھی اس کی تصدیق کرتے ہیں۔ ادارے کے مطابق، رواں سال سمندری تجارت کے حجم میں اضافے کی توقع نہیں جبکہ بحری جہازوں کے طے کردہ فاصلے میں 1.5 فیصد اضافے کا امکان ہے۔
اگر ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کا دباؤ 2027 تک برقرار رہا تو صرف بحری نقل و حمل کے بڑھتے ہوئے اخراجات ہی کم ترقی یافتہ ممالک میں صارفین کی قیمتوں میں اضافے کی شرح کو عالمی اوسط سے تقریباً دوگنا بڑھا سکتے ہیں۔
ترقی پذیر ممالک کے مابین بڑھتی تجارت
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایشیا، افریقہ، مشرق وسطیٰ اور لاطینی امریکا کے ممالک کے درمیان ہونے والی تجارت (ساؤتھ۔ساؤتھ تجارت) گزشتہ سال 12.1 فیصد بڑھی۔ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران کم ترقی یافتہ ممالک نے بحری تجارتی رابطوں کے حوالے سے دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں تین گنا تیز رفتار سے ترقی کی ہے۔
پیڈرو مورینو کا کہنا ہےکہ یہ پیش رفت اہم ضرور ہے، لیکن اس سے ان ممالک کی بنیادی کمزوریاں ختم نہیں ہوتیں۔ دنیا کی اہم بحری گزرگاہیں بدستور غیر معمولی دباؤ اور خطرات کا شکار ہیں۔ یہ گزرگاہیں دو سمندروں کے درمیان مختصر اور موثر ترین راستے فراہم کرتی ہیں اور بعض صورتوں میں ان کا کوئی متبادل بھی موجود نہیں ہوتا۔ تاہم ان کی جگہ دوسرے راستے اختیار کرنا انتہائی مشکل اور مہنگا ثابت ہوتا ہے۔
بحری تجارت میں موجودہ اور مستقبل کی ممکنہ رکاوٹوں سے کمزور معیشتوں کو محفوظ رکھنے کے لیے ادارے نے چند اہم اقدامات تجویز کیے ہیں۔
ان میں خوراک کی بنیادی اشیا اور ایندھن کے مشترکہ ذخائر قائم کرنا، متبادل تجارتی راستوں کا پیشگی تعین اور کسٹمز کے طریقہ کار پر پیشگی اتفاق کرنا شامل ہے تاکہ بحران کی صورت میں بھی ضروری اشیا کی ترسیل متاثر نہ ہو۔
UN NEWS




