Last Updated on February 20, 2026 12:57 am by BIZNAMA NEWS
AMN / NEW DELHI
وزیرِ اعظم نریندرمودی نے نیشنل اسکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ (این ایس ٹی آئی)، کانپور میں ہوابازی اور دفاع کے شعبے میں مہارتوں کی تربیت کے لیے ایک نیشنل سینٹر آف ایکسیلن کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ یہ مرکز وزارتِ ہنرمندی ترقی و صنعت کاری (ایم ایس ڈی ای) کی پی ایم سیتو اسکیم کے تحت جمہوریہ فرانس کی حکومت کے تعاون سے قائم کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے فرانس کے صدر کے ساتھ مشترکہ پریس بیان کے دوران یہ اعلان کیا، جب وہ بھارت–فرانس سالِ اختراع اور اس سے متعلقہ اشتراکی اقدامات کا افتتاح کر رہے تھے، جن میں ہوابازی کے شعبے میں مہارتوں کے لیے نیشنل سینٹر آف ایکسیلنس بھی شامل ہے۔
کانپور میں مجوزہ این سی او ای جدید مہارتوں کی تربیت پر توجہ مرکوز کرے گا، جس میں ہوابازی، مینٹیننس، ریپیئر اینڈ اوورہال (ایم آر او)، ایئرپورٹ آپریشنز، دفاعی پیداوار اور متعلقہ شعبہ جات شامل ہوں گے۔ اس ادارے کو عالمی معیار کے مرکز کے طور پر تصور کیا گیا ہے، جو بھارت میں ہوابازی کی مہارتوں کی استعداد کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ ملک کے فروغ پاتے ایرو اسپیس اور دفاعی ماحولیاتی نظام کی معاونت کرے گا۔
مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) برائے ہنرمندی ترقی و صنعت کاری اور وزیر مملکت برائے تعلیم، جینت چودھری نے کہا:
“وزیراعظم کی بصیرت افروز قیادت میں پی ایم سیتو بھارت کے آئی ٹی آئی ماحولیاتی نظام کے مستقبل کو ازسرِنو متعین کر رہا ہے۔ کانپور میں ہوابازی کے شعبے کا نیشنل سینٹر آف ایکسیلنس نہ صرف عالمی معیار کے ہوابازی پیشہ ور افراد کی ایک مضبوط کھیپ تیار کرے گا بلکہ ابھرتی اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں فرانس کے ساتھ بھارت کی اسٹریٹجک شراکت داری کو بھی مزید گہرا کرے گا۔ یہ اقدام عالمی معیارات کے مطابق مہارتوں کو ہم آہنگ کرنے، نقل و حرکت کو فروغ دینے اور نوجوانوں کو ہوابازی، دفاع اور جدید مینوفیکچرنگ کے ابھرتے مواقع کے لیے تیار کرنے کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔”
وزارتِ ہنرمندی ترقی و صنعت کاری، حکومتِ ہند اور جمہوریہ فرانس کی حکومت کے درمیان پی ایم سیتو اسکیم کے تحت اس مرکز کے قیام کے لیے ایک لیٹر آف انٹینٹ یا ارادے کے اظہار کا خط کا تبادلہ کیا گیا ہے۔ یہ پیش رفت بھارت–فرانس اسٹریٹجک شراکت داری اور 2025 میں مہارتوں کی ترقی اور پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کے شعبے میں طے پانے والی مفاہمت نامہ کی بنیاد پر آگے بڑھائی جا رہی ہے۔
مجوزہ اشتراک میں مشترکہ طور پر نصاب کی تیاری، تربیتِ اساتذہ کے منظم پروگرام، پروگراموں کا وقفہ وار مشترکہ جائزہ، تبادلہ جاتی اقدامات، لسانی تربیت اور منظم نقل و حرکت کے راستوں کی تیاری شامل ہوگی۔ اس کے علاوہ ہوابازی، خلائی اور متعلقہ شعبہ جات میں تعاون بھی شامل ہے۔ لیٹر آف انٹینٹ اس اقدام کے تحت مجوزہ سرگرمیوں سے متعلق باقاعدہ معاہدے کی تکمیل تک ارادۂ تعاون کا باضابطہ ریکارڈ تصور کیا جائے گا۔
بھارت–فرانس مہارت کے قومی مرکز برائے ہوابازی کا قیام بھارت کے ہنرمندی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، عالمی شراکت داریوں کو مستحکم کرنے اور اعلیٰ معیار کی صنعت سے ہم آہنگ پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کے ذریعے وِکست بھارت 2047 کے وژن کو آگے بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
کل 60 ہزار کروڑ روپے کے مجموعی مالیاتی خاکے کے ساتھ پی ایم سیتو کا مقصد ملک بھر میں ایک ہزار صنعتی تربیتی اداروں کو اپ گریڈ کرنا ہے، جس کے تحت بنیادی ڈھانچے کی جدید کاری، نصاب کو صنعتی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور روزگار کے امکانات کو مضبوط بنانا شامل ہے۔ کانپور کے ہوابازی مرکز کے علاوہ دیگر مجوزہ مہارت کے قومی مراکز علاقائی صنعتی قوت کے مطابق ترجیحی شعبوں کو پورا کریں گے، جن میں جدید مینوفیکچرنگ، ابھرتی ٹیکنالوجی اور تیز رفتار ترقی کرنے والے خدماتی شعبے شامل ہیں۔ یہ مراکز لدھیانہ، حیدرآباد، چنئی اور بھوبنیشور میں قائم کیے جانے کی تجویز ہے۔





